پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان لاہور میں جاری سیریز کے آخری ٹیسٹ میچ میں مہمان ٹیم نے پہلے دن کھیل کے اختتام پر 5 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بنالیے ہیں۔
قذافی اسٹیڈیم میں جاری سیریز کے فیصلہ کن میچ میں آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آسٹریلوی ٹیم کی بیٹنگ شاہین شاہ آفریدی کے ابتدائی اوورز میں شدید دباؤ کا شکار رہی اور ایک ہی اوور میں مہمان ٹیم نے 2 وکٹ گنوادیں۔
شاہین شاہ آفریدی نے 7 رنز بنانے والے اوپنر ڈیوڈ وارنر اور ان کے بعد آنے والے مارنس لبوشین کو صفر کے اسکور پر پویلین روانہ کیا۔
عثمان خواجہ اور اسٹیو اسمتھ نے 8 رنز پر 2 وکٹ گرجانے کے بعد لڑکھڑاتی ہوئی بیٹنگ کو سہارا دیا اور کھانے کے وقفے تک مزید کسی نقصان کے بغیر اسکور کو 70 رنز تک پہنچایا۔
کھانے کے وقفے کے بعد جب کھیل کا دوسرا سیشن شروع ہوا تو اوپنر عثمان خواجہ نے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔
دن کے تیسرے سیشن میں نسیم شاہ نے اسمتھ کی قیمتی وکٹ حاصل کی وہ 146 کے مجموعے پر 59 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پہلے دن کا تیسرا سیشن اس وقت قومی ٹیم کے حق میں گیا جب 91 رنز بنانے والے عثمان خواجہ نروس نائنٹیز کا شکار ہوکر ساجد خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے، انہیں قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ناقابلِ یقین کیچ پکڑ کر پویلین لوٹایا۔
قومی بولرز نے نئی گیند سے ایک مرتبہ پھر ردھم دکھاتے ہوئے پانچویں آسٹریلوی کھلاڑی کو بھی پویلین بھیجا، اس مرتبہ آؤٹ ہونے والے بلے باز ٹریوس ہیڈ تھے جو 26 رنز بنا کر نسیم شاہ کا شکار بنے اور یوں 205 رنز پر آدھی آسٹریلوی ٹیم پویلین لوٹی۔
پہلے روز جب کھیل کا اختتام ہوا تو کیمرون گرین 20 اور ایلکس کیری 8 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے جو اگلے روز اپنی نامکمل اننگز دوبارہ شروع کریں گے۔
قومی ٹیم کی جانب سے اب تک شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ 2، 2 جبکہ ساجد خان ایک وکٹ لے چکے ہیں۔
ٹاس کے موقع پر مہمان کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ ہم پچھلے چار دن کافی ریلیکس رہے ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو بیٹنگ ہی کرتے۔
بابر اعظم کاکہنا تھا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے فہیم اشرف کی جگہ نسیم شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
لاہور ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم امام الحق، عبداللّٰہ شفیق، اظہر علی، بابر اعظم، فواد عالم، محمد رضوان، نعمان علی، ساجد خان، حسن علی، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ ٹیم میں شامل ہیں۔
آسٹریلوی ٹیم میں عثمان خواجہ، ڈیوڈ وارنر، مارنس لبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ، کیمرون گرین، ایلکس کیری، پیٹ کمنز، مچل اسٹارک، مچل سوئپسن اور نیتھن لیون شامل ہیں۔
خیال رہے کہ قذافی اسٹیڈیم لاہور نے 13 سال بعد انٹرنیشنل ٹیسٹ کی میزبانی کی ہے۔
اس سے قبل سری لنکا اور پاکستان کے درمیان مارچ 2009 میں ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران ہی مہمان ٹیم پر دہشتگردوں نے حملہ کیا تھا اور یہی حملہ ملک میں کرکٹ کے دروازے بند کرنے کا سبب بن گیا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا نے لاہور میں آخری ٹیسٹ 1994 میں کھیلا تھا۔