ن لیگ کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ عمران خان نےجتنی اننگز کھیلنی تھی کھیل لی، اب اپوزیشن گگلی کرے گی اور حکومت کلین بولڈ ہوگی۔
حمزہ شہباز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جلسوں میں عجیب باتیں کرتے ہیں، انہیں پمز اسپتال میں اپنا چیک اپ کرانا چاہیے، عمران خان اپنی انا کے بت کو توڑ دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے، ایوانِ صدر آرڈیننس فیکٹری بن گیا ہے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ جب جہاز میں لوگوں کو بھر کر لایا جاتا تھا تب عمران خان کو ضمیر کی آواز اچھی لگتی تھی، عمران نیازی آپ بےنقاب ہوچکے ہیں، جلسوں میں لوگوں کو تڑیاں لگاتے ہیں۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جب لانگ مارچ لاہور سے چلے گا تو آپ کو پتہ چلے گا کہ جلسہ کیا ہوتا ہے، تحریک عدم اعتماد بھاری ووٹوں سے کامیاب ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں واضح بات ہوئی کہ ہر ممبر کو ووٹ ڈالنے کا حق ہے، عارف علوی پاکستان کے صدر کم عمران خان کے یس مین بن چکے ہیں، وہ شریف آدمی ہیں لیکن قوم کو مایوس کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے اوپر کے خانے کا میڈیکل چیک اپ ضروری ہے، پہلے عمران خان اپوزیشن کو للکارتے تھے اب دنیا کے کئی ممالک کو للکارتے ہیں۔