• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کی سعودی وزیرِ خارجہ سے اہم ملاقات


پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے او آئی سی کے اجلاس میں شرکت کے لیے آئے ہوئے سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے اہم ملاقات کی ہے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور افغانستان کی موجودہ صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ دفاعی تعلقات پر تبادلۂ خیال بھی کیا گیا۔

’’سعودی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں‘‘

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ او آئی سی کا اجلاس مشترکہ وژن اور حکمتِ عملی کے لیے ایک تاریخی پیش رفت ہے، اجلاس میں امن اور استحکام کے لیے نئے چیلنجز کا حل تلاش کیا جا سکے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیرِ خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعاون میں مزید بہتری کے عزم کا اعادہ کیا۔

سعودی وزیرِ خارجہ کی افغان صورتحال پر پاکستان کی تعریف

پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ نے مزید بتایا ہے کہ سعودی وزیرِ خارجہ نے افغان صورتِ حال میں پاکستان کے کردار کو سراہا اور علاقائی استحکام میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔

آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی وزیرِ خارجہ نے او آئی سی اجلاس کی میزبانی پر پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید