مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ کاوے موسوی نے بڑا دل کرکے نواز شریف سے معافی مانگی ہے، کاوے نے معافی مانگ کرعمران نیازی کے منہ پر طمانچہ مارا ہے۔
اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں احسن اقبال ، شاہد خاقان عباسی ، مریم اورنگزیب اور رانا ثناء اللّٰہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ
پاکستان کی تاریخ میں آج بڑا اہم دن ہے، برطانیہ کی براڈشیٹ کمپنی کے سربراہ نے غیر مشروط طور پر نواز شریف سے معافی مانگ لی ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ مشرف کے زمانے میں ان برطانیہ کی براڈشیٹ کمپنی کو اپوائنٹ کیا گیا تھا ، وہ ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ڈھونڈ سکے ، خدانخواستہ حرام کی کمائی سے کوئی اثاثہ نہیں ڈھونڈ سکے۔
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ اربوں کھربوں کے منصوبے لگائے گئے،12 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی، نواز شریف نے اس غریب قوم کے اربوں کھربوں کی نیٹ بچت کی،قوم کو پتا چلے گا کہ کس طرح نوازشریف نےقوم کی خدمت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج الحمدللّٰہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوا ہے،میں سلام کرتا ہوں کاوے موسوی کو کہ بالآخر وہ سچی بات زبان پر لے آئے، نواز شریف اس قوم کا ہیرو ہے اور اس نے خدمت کی ہے۔
لیگی صدر کا کہنا تھا کہ ظلم و زیادتی کی انتہا ہوئی ہے، ہم نے اس کو بڑے تحمل سے برداشت کیا ہے،عمران نیازی کو کوئی اختیار نہیں تھا کہ نیب کو احکامات دیتے ،عمران نیازی نے غیر قانونی طور پر احکامات دیئے، یہ ریکارڈ کا حصہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ احتساب کےنام پر بدترین انتقام جو انہوں نے کیا ہے وہ ہماری ڈکشنری میں نہیں، ڈاکٹرز اجازت دیں گے تو نواز شریف تشریف لے آئیں گے۔
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ او آئی سی کے وزرا خارجہ کا اجلاس ہو رہا ہے، دل کی گہرائیوں سے قابل احترام مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، امید کرتے ہیں وہ مظلوم فلسطینی، کشمیری بھائیوں کیلئے آواز اٹھائیں گے، پاکستان کےعوام کی نیک تمنائیں ان کےساتھ ہیں۔
شہباز شریف نے کہاکہ امید ہے ان کا دورۂ پاکستان ایک یادگار دورہ ہوگا،افغانستان میں قحط سالی کا شدید خطرہ ہے، ان کے لیے بھی یہ کانفرنس بھرپور آواز اٹھائے گی۔