• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی کھیل میں ایمپائر کبھی نیوٹرل نہیں ہوتے، اعتزاز احسن

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اپوزیشن عمران خان کو ہٹانے میں مصروف ہے جبکہ اُس نے الیکشن مہم شروع کردی ہے۔

کراچی پریس کلب میں اشفاق حسین کی کتاب ’فیض کی محبت میں‘ کی تقریب اجراء کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں اعتزاز احسن نے کہا کہ وزیر اعظم اکثریت سے محروم ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے کہا وہ نیوٹرل ہوگئے ہیں یہ غلط ہے، سیاسی کھیل میں ایمپائر کبھی نیوٹرل نہیں ہوتے۔

اعتزاز احسن نے مزید کہا کہ عمران خان کے مشیروں نے اپنے کیس کو خراب کیا ہے، جس کے بعد عمران خان نے الیکشن مہم شروع کردی ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ اس دوران فضل الرحمان، پیپلز پارٹی اور ن لیگ عمران خان کو اقتدار سے ہٹانے میں مصروف ہیں۔

پی پی رہنما نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کا فوکس کرپشن کے خلاف ہے، کرپشن کے خلاف عوام مہنگائی کو بھول جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کے خلاف تحریک کامیاب ہوگئی تو وہ خوش قسمت ہوگا کیونکہ خان کے بعد جو وزیراعظم بنے گا اُس ہی پر مہنگائی اور باقی ساری چیزوں کا بوجھ ہوگا۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ جانے کا اچھا اقدام کیا ہے، عدالت عظمیٰ چاہے گی کہ حکومت اور اپوزیشن میں تصادم نہ ہو۔

اُن کا کہنا تھا کہ پوری اپوزیشن کو نقصان پہنچانے والی جماعت مسلم لیگ (ن) ہے، آئندہ الیکشن میں عوام نواز شریف سے پوچھیں گے کہ وہ باہر کیوں گئے تھے؟

پی پی رہنما نے کہا کہ نواز شریف 2 ہفتے کا بول کر ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور ڈھائی سال لگادیے ہیں، ان سے پوچھا تو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید