سکھر (جنگ نیوز)سکھر میں شادی سے انکار پر ہندو لڑکی پوجا کماری کو قتل کردیا گیا، قاتل واحد بخش لاشاری اور اس کے2ساتھی ملزمان کو گرفتار کرکے دس دن کا جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیاگیا۔ سکھر پولیس کا کہنا ہے کہ شہر کے چھوہارا منڈی کے قریب ہندو برادری سے تعلق رکھنے والی 18 برس کی لڑکی پوجا کماری کو مبینہ طور پر شادی سے انکار پر گولی مار کر قتل کردیا گیا۔ اسٹیشن ہاوس آفیسر (ایس ایچ او) سکھر بشیر جاگیرانی کے مطابق حملہ آور کی شناخت واحد بخش لاشاری کے نام سے ہوئی ہے، ملزم اپنے 2 ساتھیوں کے ہمراہ پوجا کماری کے گھرمیں داخل ہوا اور فائرنگ کردی۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم واحد لاشاری پوجا کماری سےشادی کرنا چاہتا تھا لیکن انہوں نے شادی سے انکار کردیا تھا۔پولیس نے آج ملزم واحد لاشاری کو گرفتارکرکے مقامی عدالت کے سامنے پیش کردیا، جہاں عدالت نے انہیں 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ پوجا کماری کے قتل کی سوشل میڈیا پر بھرپور مذمت کی جارہی ہے، سماجی رابطےکی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جسٹس فار پوجا کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرتا رہا۔