تہران (صباح نیوز)صدر ایران نے پاکستان کے صدر اور وزیراعظم کے نام اپنے پیغام میں انہیں یوم پاکستان کی مبارکباد پیش کی ہے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیراعطم عمران خان کے نام ارسال کیے جانے والے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں صدر سید ابراہیم رئیسی نے پاکستانی قوم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ صدر ایران نے اپنے پاکستانی ہم منصب کے نام پیغام میں، دونوں برادر اور ہمسایہ ملکوں کے درمیان تعلقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے، امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کا یہ سلسلہ مزید آگے بڑھے گا اور اس میں پائیداری بھی آئے گی۔