• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے فیصلہ کرلیں گے، عامر خان


متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے سینئر رہنما عامر خان کا کہنا ہے کہ مشاورت جاری ہے ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، ہم تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے فیصلہ کرلیں گے۔ 

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ ہونے والی آج کی میٹنگ بھی مشاورت کا حصہ ہے، ابھی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے، ہمیں جلدی نہیں آرام سے فیصلہ کریں گے، اپنے لوگوں اور اپنے شہر کو سامنے رکھ کر فیصلہ کریں گے۔

 عامر خان نے کہا کہ دو تین ہفتوں سے مشاورت جاری ہے، آج کی میٹنگ بھی مشاورت کا حصہ ہے، ابھی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے ہیں، اپنے لوگوں اور ووٹرز کا مفاد جس میں نظر آئے گا وہ فیصلہ کریں گے۔

 رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ یہ کمیٹیاں پہلے سے بنی ہوئی ہیں، سیاسی جماعتوں سے گفتگو کے لیے کمیٹیاں بنتی ہیں، آج کی ملاقات میں دونوں طرف سے اچھے خیالات کا اظہار ہوا ہے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ بلاول نے کہا ہے کہ انھوں نے مطالبات مان لیے ہیں، لیکن یہ مطالبات زبانی مانے گئے ہیں، اس کا ایک پورا طریقہ کار ہوتا ہے، باقاعدہ تحریری شکل دی جاتی ہے ساری چیزیں جب تک طے نہیں ہوں گی حتمی فیصلہ نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ چاہے ن لیگ کے ساتھ بات ہو یا پیپلز پارٹی تحریری معاہدہ ہوگا تو سامنے آجائے گا، ایم کیو ایم کے فیصلے سے متعلق اعلان رابطہ کمیٹی کی مشاورت سے ہوگا، تمام چیزیں رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھیں گے پھر رابطہ کمیٹی فیصلہ کرے گی۔

قومی خبریں سے مزید