• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کے بعد جے یو آئی کا بھی 27 مارچ کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کا اعلان

حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  کے بعد جمعیت علماء اسلام نے بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 27 مارچ کو جلسہ کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران جلسے کی تفصیلات سے متعلق بتاتے ہوئے حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ 27 مارچ کو جمیعت علماء اسلام کا جی نائن میں جلسہ ہوگا، 26مارچ کو سری نگر ہائی وے پر جمع ہوں گے، 26 ,27 ,28 مارچ کو اسلام آباد میں قیام کریں گے، 28 مارچ کو پی ڈی ایم نئے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔

حافظ حمد اللّٰہ نے وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ خاتم النبیین کی طرح وزیراعظم عمران خان امر بالمعروف پڑھ ہی نہیں سکتے، یوٹرن جھوٹ کا دوسرا نام ہے، ریاست مدینہ اور گالیاں دینا ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ ٹرمپ کے کہنے پر وزیراعظم نے کشمیر بھارت کے حوالے کیا، وزیراعظم عمران خان ٹرمپ کے کہنے پر پاکستان کا جغرافیائی طور پر دشمن ہے، وزیراعظم عمران خان امریکہ کے غلام ہیں، انہوں  نے امریکا کو ایبسولوٹلی ناٹ نہیں کہا۔

حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھوایا، وزیر اعظم عمران خان قانون سازی آئی ایم ایف اور فیٹف کے کہنے پر کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں خفیہ کیمرے کس نے لگائے؟ سینیٹ انتخابات میں کیا ہارس ٹریڈنگ نہیں ہوئی؟ تحریک انصاف کے 16ممبران نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا۔

حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ فواد چوہدری اور شیخ رشید منحرف اراکین کو لوٹا کہتے ہیں، پاکستان کےتمام لوٹوں کو جمع کرکے شیخ رشید بنتا ہے، شیخ رشید کئی بار لوٹا بنے ہیں اور سب سے بڑے لوٹے ہیں۔

 ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ وزیراعظم راتوں رات قانون توڑ کر بناتے ہیں، قومی اسمبلی کے بارے میں کہتے ہیں میری مرضی میں جب بلاؤں، پارلیمنٹ کے ضوابط ہیں، پارلیمنٹ بنی گالہ نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وجہ سے پاکستان معاشی، سیاسی طور پر ڈوب چکا، تحریک عدم اعتماد کامیاب کر کے قوم کی ان سے جان چھڑانی ہے، وزیر اعظم عمران خان کو جلد اڈیالہ جیل منتقل کریں گے۔

حافظ حمداللّٰہ نے کہا کہ انصار الاسلام کی وجہ سے کبھی کسی کو نقصان نہیں پہنچا، تحریک انصاف کے کارکنان ڈنڈوں پر کیلیں تک لگارہے ہیں، وزیر اعظم عمران خان اپنے اقتدار کے لیے تصادم اور ٹکراؤ چاہتے ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ ہم نے نیوٹرل کی بات کا خیر مقدم کیا ہے، نیوٹرل لفظ سے عمران خان کے پیٹ میں درد ہورہا ہے، کوئی کرشمہ عمران خان کی حمایت میں نہیں آئے گا۔

قومی خبریں سے مزید