لاہور( اسٹاف رپورٹر ) معروف سینئر میوزک ڈائریکٹر ذوالفقار عطرے نے کہا ہے کہ انہوں نے فلم انڈسڑی کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے کیونکہ اب فلم ڈائریکٹرز ہمارے کام میں غیر ضروری مداخلت کرنے لگے ہیں ، جس سے گانے کی تخلیق میں خرابی آتی ہے ، اسی سبب اب بہتر کوالٹی کے ساتھ میوزک سامنے نہیں آرہا،، یہ بات انہوں نے یہاں اپنی خصوصی گفتگو میں کہی ۔ ذوالفقار عطرے نے مزید کہا کہ فلم ڈائریکٹرز کی غیر ضروری دخل اندازی کے سبب اصل میوزک اب فلموں سے دور ہورہا ہے ، موسیقی کی ترتیب ایک تخلیقی نوعیت کا فنی عمل ہے، جس میں کسی دوسرے کی مداخلت اس کو خراب کردیتی ہے، اور اکثر اوقات گانا ہی بربادہو جاتا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ جب وہ کمپوزیشن کرتے تھے تو ملکہ ترنم نور جہاں بھی توجہ سے کمپوزیشن کو سنتی تھیں ، میرے کمپوز گانے پر انہوں نے کبھی کوئی تبدیلی نہیں کی، میرے لیے یہ اعزاز ہے۔ لیکن آج معاملہ مختلف ہو گیا ہے ۔ ہرکوئی ہمیں بتاتا ہے، جو درست عمل نہیں اس لیے یہ فیصلہ کرنا پڑا۔