پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حریم فاروق نے ٹی وی اسکرین سے دوری اختیار کرنے کی وجہ بتادی ۔
حریم فاروق سے ان کے ایک حالیہ انٹرویو میں ان کی ٹیلی ویژن اسکرین سے دوری کی وجہ پوچھی گئی جس پر اداکارہ کا کہنا تھاکہ ’وہ کامیابی کے اسی فارمولے کو نہیں اپنانا چاہتی تھیں، جس پر انڈسٹری کے سبھی لوگ عمل کر رہے ہیں‘۔
اُنہوں نے کہا کہ’ وہ اپنا راستہ خود بنانا چاہتی تھیں‘۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ’وہ مختلف کردار کرنا چاہتی تھیں اور وہ ایسے کردار کریں گی جوکہ ان کی اداکارانہ صلاحیتوں کو چیلنج کریں‘۔
حریم نے اپنے اس انٹرویو میں یہ بھی انکشاف کیا کہ ’وہ جلد ہی وہاج علی کے ساتھ نئے ڈرامہ سیریل’ 22 قدم‘ میں اسکرین پر نظر آئیں گی۔
اُنہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ اپنے اس نئے ڈرامے میں ایک خاتون کرکٹر کا کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔
واضح رہے کہ حریم فاروق اب تک ڈرامہ سیریل ’دیار دل‘، ’صنم‘ اور ’میں خیال ہوں کسی اور کا‘ جیسے ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
چونکہ حریم فاروق صرف ایک اداکارہ ہی نہیں بلکہ پروڈیوسر بھی ہیں، اس لیے فلموں میں اداکاری کے ساتھ ساتھ وہ فلم’جانان‘، ’پرچی‘ اور ’ہیر مان جا‘جیسی فلمیں پروڈیوس بھی کرچکی ہیں۔