اگلا وزیراعظم سلیکٹڈ یا الیکٹڈ کے سوال پر بلاول نے شہباز شریف کی طرف مسکراتے ہوئے دیکھ کر کہا ’ان شاء اللّٰہ الیکٹڈ ہی ہوگا‘، شہباز شریف نے بھی لقمہ دیتے ہوئے کہا کہ بلاول صاحب سلیکٹڈ پر یقین نہیں رکھتے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی پر عمران خان کو بچانے کے لیے تاخیری حربوں اور دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے اسد قیصر کو آرٹیکل 6 کا مرتکب قرار دے دیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی، عمران خان اور اسپیکر کو خبردار کردیا کہ پیر کو یہ حرکت دہرائی تو دما دم مست قلندر ہوگا۔
شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ کر بھی یاد دہانی کروائی کہ 14 روز میں اجلاس بلانے کی اپنی آئینی ذمے داری پوری نہیں کی۔
بلاول بھٹو نے عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ کیسا کپتان ہے کہ پچ چھوڑ کر بھاگ رہا ہے، بزدل وزیر اعظم کو بھاگنے نہیں دیں گے، نیوٹریلٹی پر وزیراعظم کی پریشانی سب کے سامنے ہے، عدم اعتماد نیوٹریلٹی کا سب سے بڑا امتحان ہے۔