• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے آج پھر مذہب کارڈ استعمال کیا، مریم نواز



سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان نے آج پھر مذہب کارڈ استعمال کیا۔

گوجرانوالہ میں حمزہ شہباز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں مریم نواز نے کہا کہ ہمارے مارچ کا اصل نام ردفساد یا ردشیطان ہونا چاہیے تھا، پاکستان نے ایسا فساد اور شیطانیت کو کبھی نہیں دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے 50 سال میں پاکستان نے اتنی شیطانیت نہیں دیکھی، پوچھتی ہوں آپ کو جلسے میں سرکاری وسائل استعمال کرنے کا اختیار کس نے دیا؟

ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ قومی وسائل اور پیسہ استعمال کر کے سیاسی جلسے پر لگائے گی، عوام کے خون پسینے کی کمائی جلسوں پر اُڑا رہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ڈی سیز اور کمشنر نے خود بتایا دو دو سو بسیں لانے کا ٹاسک دیا گیا، یہی پیسہ پٹرول، تعلیم اور صحت پر لگتا تو عوام کو ریلیف ملتا۔

مریم نواز نے یہ بھی کہا کہ 21 کروڑ سے زائد عوام غربت کی چکی میں پس رہے ہیں، گھی کا ڈبہ عوام قسطوں پر لینے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس گزاروں کا پیسہ جلسوں پر لگانے کا حساب لیا جائے گا، آپ نے جلسے کو امر بالمعروف کا نام دے دیا ہے، آپ نے آج پھر مذہب کارڈ کا استعمال کیا۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ کیا لوگوں سے روٹی، آٹا، بجلی، چینی چھین لینا امر بالمعروف ہے، لوگوں سے بدتمیزی کرنا کیا امر بالمعروف ہے؟

اُن کا کہنا تھا کہ آپ بار بار مولانا فضل الرحمان کو ڈیزل کہتے ہیں، جتنی قیمت ان کے دور میں ڈیزل کی بڑھی ہے، عمران خان کا نام ڈیزل رکھ دینا چاہیے۔

مریم نواز نے کہا کہ 2018 میں سب سے بڑے چوہے آپ تھے، آپ نے آر ٹی ایس بٹھایا، عمران خان وہ چوہا ہے جو لوگوں کا آٹا، چینی کھا گیا۔

انہوں نے کہا کہ فرح نامی خاتون کی تفصیل سامنے آئیں تو آپ کو سمجھ میں نہیں آئے گا کدھر جائیں، ایل این جی اسکینڈل پر 22 ارب کا ڈاکا ڈالا، تاریخ کے بدترین اسکینڈل آپ کی حکومت میں بنے ہیں۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ اسپیکر کے ذریعے آپ آئین کو کتر رہے ہیں، آپ ڈی چوک میں دوبارہ پہنچ گئے ہیں، آپ کسی بین الاقوامی سازش سے نہیں پہنچے، لوگوں کی بددعاؤں سے پہنچے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہباز شریف آپ سے ہزار گنا بہتر ہے، آپ کا ان کا موازنہ کیا؟سیلاب میں شہباز شریف گھٹنے گھٹنے پانی میں جاتے تھے، اسے خدمت کہتے ہیں شوباز نہیں کہتے۔

مریم نواز نے کہا کہ آپ پر سب سے بڑا عدم اعتماد آپ کی پارٹی نے کیا، آپ کی پارٹی جیسے بنی تھی، ویسے ہی ٹوٹ گئی، کچن چلانے اور جہاز بھر بھر کر لانے والے ساتھیوں نے آپ پر عدم اعتماد کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں رہتے ہوئے آپ ضمنی الیکشن ہارے، آپ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، بھاشن سن سن کر قوم کے کان پک گئے ہیں، الیکشن کمیشن آپ کو نوٹس دے دے کر تھک گیا، آپ نے کان تک نہیں دھرے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ جو آپ سے سوال کرے، ایکشن لے وہ نواز شریف کا بندہ ہے، نواز شریف لندن سے بیٹھ کر کنٹرول کر رہا ہے تو آپ شرم سے مستعفی ہوجائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ وہی چوہا ہے جو پاکستان کی ترقی کھا گیا ہے، عوام کی محنت کی کمائی جلسوں میں اُڑائی جا رہی ہے، لوگوں کے ٹیکس کا پیسہ جلسے پر خرچ کیا، اس کا حساب دینا ہوگا۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم گڈ بوائے بننے کی کوشش نہ کرے، عمران خان چالاک لومڑی بننے کی کوشش نہ کرو، نواز شریف پاکستان کا بیٹا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس نے منہ کھولا تو جیل کے پیچھے ہوگا، عمران خان ڈرپوک ہے، آپ دیوار پھلانگنے والے انسان ہیں، ہم آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے بندے کو کہتے ہیں وہ نواز شریف کا بندہ ہے، کروڑ روپے نواز شریف اور شہباز شریف کے خلاف مہم پر استعمال کیا، ہر ادارہ آئین کے مطابق کام کرے تو سب قابل احترام ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بیماری عمران خان ہے، پاکستان کو مہنگائی، نالائقی اور جادو ٹونے سے نجات ملے گی۔

قومی خبریں سے مزید