• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران خان کا خط سینئر صحافیوں اور اتحادیوں کو دکھانے کا اعلان


وزیرِ اعظم عمران خان کا خود کو ملنے والے دھمکی آمیز خط کے حوالے سے کہنا ہے کہ یہ خط میں آج سینئر صحافیوں کو دکھاؤں گا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں الیکٹرانک (ای) پاسپورٹ کا اجراء کر دیا اس موقع پر منعقدہ تقریب سے انہوں نے خطاب بھی کیا۔

’’یہ کوئی نئی چیز نہیں، ایک امپورٹڈ بحران ہے‘‘

اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ یہ بیرونِ ملک سے سازش کی گئی، ملکوں میں سیاسی بحران آتے رہتے ہیں، یہ کوئی نئی چیز نہیں ہے، ایک امپورٹڈ بحران ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ اس خط کے بارے میں اپنی اتحادی پارٹی کو بتاؤں گا، اپنی اتحادی جماعتوں میں سے ایک ایک کو بلا کر یہ خط دکھاؤں گا، جتنا میں کہہ رہا ہوں اس سے بڑی سازش ہے، خط سب کو دکھاؤں گا تاکہ لوگ فیصلہ کر سکیں، مراسلے میں واضح ہے، جو فیصلہ کرنا ہے، کر لیں، لیکن کہیں آپ بہت بڑی انٹرنیشنل سازش کا حصہ نہ بن جائیں۔

’’لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ ڈرامہ ہو رہا ہے‘‘

ان کا کہنا ہے کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ یہ ڈرامہ ہو رہا ہے، شک کیا جا رہا ہے کہ عمران خان حکومت بچانے کے لیے ایسا کر رہا ہے، یہ ڈرامہ نہیں ہو رہا، ہم لوگ نہیں بتا سکتے کہ کن ممالک نے دھمکی دی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف باہر سے سازش ہے، پاکستان کو ایک ٹیلی فون کال پر کنٹرول کرنے والوں نے سازش کی، یہ ان لوگوں کو برداشت نہیں کہ یہاں ملک کے مفاد کے لیے فیصلے کرنے والی قیادت ہو، باہر کے لوگوں کو عادت نہیں کہ ایسی قیادت ہو جو ملک کے مفاد کو آگے رکھے۔

’’زکوٰۃ دینے والے زکوٰۃ لینے والے بن گئے‘‘

انہوں نے کہا کہ جنگ میں حصہ لے کر کیا فائدہ ہوا، صرف نقصان ہی نقصان ہوا، جنگ میں قبائلی علاقوں کے لوگوں سے ظلم ہوا، ڈرون اٹیک ہوئے، 35 لاکھ لوگوں نے نقل مکانی کی، زکوٰۃ دینے والے زکوٰۃ لینے والے بن گئے، ہم نے اپنے مفادات کو کسی دوسرے ملک کے لیے قربان کیا۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ٹیکنالوجی نے لوگوں کی زندگیاں آسان کی ہیں، ٹیکنالوجی کے باعث کرپشن کے امکانات کم ہوئے ہیں، پرچیاں چلنے سے بڑے لیول پر کرپشن ہوتی تھی، کرپشن دو طرح کی ہوتی ہے، ایک بڑے پیمانے پر ہوتی ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی پر جو کرپشن ہوئی اس سے ملک کو نقصان ہوا، 2013ء میں سڑکوں کے ٹھیکوں میں کرپشن کی گئی، پیسہ بنایا گیا، ایک ہزار ارب روپے کرپشن کر کے سڑکوں سے نکالے گئے۔

’’ملک میں 31 ارب کی ترسیلاتِ زر آئیں‘‘

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک میں 31 ارب کی ترسیلاتِ زر آئی ہیں، محنت کشوں کے پیسوں کی وجہ سے معیشت مستحکم ہے، پاکستان کے مستقبل میں سیاحت کا بہت بڑا کردار ہو گا، ہم نے سیاحت پر توجہ نہیں دی، سیاحت کو پہلے انڈسٹری بنانا چاہیے تھا۔

شیخ رشید نے کیا کہا؟

ان سے قبل وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میثاقِ جمہوریت کس نے کروایا سب جانتے ہیں۔

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ کوئی ویزا التواء کا شکار نہیں ہے۔

الیکٹرانک پاسپورٹ کیا ہے؟

ذرائع کے مطابق الیکٹرانک پاسپورٹ جدید ٹیکنالوجی پر مبنی بائیو میٹرک چپ سے لیس ہو گا جس میں متعدد سیکیورٹی فیچر شامل ہیں۔

الیکٹرانک پاسپورٹ بین الاقوامی معیار کے مطابق پاکستانی شہریوں کو سفرکے دوران جلد اور سہل ایمیگریشن میں مدد فراہم کرے گا۔

جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی بدولت الیکٹرانک پاسپورٹ کی نقل ناممکن ہو گی۔

قومی خبریں سے مزید