• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے، امریکی عہدیدار

‎امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے پاکستان افئیرز لیزلی ویگوری نے کہا ہے کہ پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سالانہ تجارت کا حجم 6 بلین ڈالر ہے اور اس میں مزید اضافہ ممکن ہے۔

یہ بات انہوں نے پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکساس کے تحت ڈیلس میں یوم پاکستان اور پاک امریکا تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کی منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب میں کہی۔

تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، پاکستان کے ہیوسٹن میں تعینات قونصل جنرل ابرار ہاشمی نے لیزلی ویگوری کے ساتھ سبز ہلالی پرچم لہرایا اور سب نے مل کر کیک بھی کاٹا۔

تقریب میں امریکی حکام، پی ایس این ٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز سمیت مقامی عوامی نمائندے، معززینِ شہر کی کثیر تعداد موجود تھی۔

تقریب سے ہیوسٹن میں تعینات پاکستان کے قونصل جنرل ابرار ہاشمی، پاکستان سوسائٹی آف نارتھ ٹیکسس کے صدر عابد ملک، ڈاکٹر ریاض حیدر، برکت بسریا اور عابد بیگ نے بھی خطاب کیا۔

قونصل جنرل ابرار ہاشمی نے لیزلی ویگوری اور تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور ان کی آمد کا خیر مقد م کیا۔

شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری برائے پاکستان افئیرز لیزلی ویگوری نے کہا کہ یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت ان کے لیے باعثِ اعزاز ہے۔

امریکا خطے میں مستقل اور دیر پا امن کا قیام چاہتا ہے اور اس میں پاکستان ہمارا اہم شراکت دار رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وباء نے ساری دنیا کو متاثر کیا لیکن خراب صورتحال میں بھی گزشتہ سال پاکستان اور امریکا کے درمیان زراعت اور توانائی کے شعبے میں 200 ملین ڈالر کی تجارت ہوئی جو خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش رہی ہے کہ کورونا وباء کے خلاف اقدامات اور تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے مل کر کام کریں۔ کووڈ سے بچاؤ کے لیے امریکہ نے پاکستان 57 ملین سے زائد ویکسین فراہم کیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری نے مزید کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے دو طرفہ تعلقات میں مزید بہتری آئی ہے۔ امریکہ پاکستان کے ساتھ صحت اور تعلیم کے شعبے میں تعاون کو مزید بڑھانے ارادہ رکھتا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ ہر سال اسٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرام کے تحت 800 پاکستانی طلباء کو امریکا بلوایا ہے اور اب تک ایکسچینج پروگرام کے تحت المنائی ممبران کی تعداد 37 ہزار سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔

گزشتہ مہینے اسلام آباد میں امریکا پاکستان کے درمیان طلباء کے تبادلے کے موضوع پر ایک پروگرام منعقد ہوا تو اس میں یہ احساس ہوا کہ پاکستانی طلباء کی کثیر تعداد امریکا میں تعلیم حاصل کرنے کی خواہش مند ہے۔

بعدازاں جنگ سے گفتگو میں لیزلی ویگوری کا کہنا تھا پاکستان کے موجودہ سیاسی حالات کو ہم گہری نظر سے دیکھ رہے ہیں لیکن ہم اس بات پر توجہ مرکوز کر رہے ہیں کہ وہاں معاملات آئین اور قانون کے مطابق حل ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی افواج کے ساتھ ہماری اچھی اسڑیجک پاٹنر شپ قائم ہے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاک امریکہ تعلقات کا مستقبل کاروبار اور تجارت ہے جبکہ پاکستانی حکومت بھی سماجی و اقتصادیات پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہے۔

تقریب سے پاکستان سوسائٹی کے دیگر عہدیداران عابد بیگ، ڈاکٹر ریاض حیدر، برکت بسریا اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

قومی خبریں سے مزید