• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیا فوسل فیول فری اسٹیل کاربن اخراج کم کر سکتا ہے؟

اسٹیل بنانے والی سویڈش کمپنی SSAB نے کمرشل سطح پر دستیاب دنیا کا پہلا فوسل فیول فری اسٹیل تیار کرنے کے لیے کان کنی فرم LKAB اور پاور کمپنی Vattenfall کے ساتھ شراکت کی۔ HYBRIT پروجیکٹ فراہم کرنے کے لیے یہ شراکت داری 2016ء میں قائم کی گئی تھی۔ تینوں شراکت داروں کا مقصد اسٹیل اور لوہے کی پیداوار کے کاربن کے اخراج کو بڑی حد تک کم کرنا ہے۔ 

گزشتہ سال جولائی میں پائیدار اسٹیل کی مصنوعات کی پہلی کھیپ سویڈش آٹوموٹو اور مینوفیکچرنگ ملٹی نیشنل کمپنیVolvo کو بھیجی گئی۔ یہ HYBRIT پروجیکٹ کے لیے ایک اہم سنگ میل تھا، جو فوسل فیول پر اسٹیل کی پیداوار کا انحصار ختم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے خام لوہے کو کم کرنے میں استعمال ہونے والے فوسل فیول کو ہائیڈروجن سے بدل دیا ہے اور اسٹیل کی تیاری کے لیے الیکٹرک آرک میں کمی کی تیکنیکس میں پیش رفت کی ہے۔ یہ دونوں عمل پروسیسڈ اسٹیل میں مجسم کاربن کو نمایاں طور پر محدود کر سکتے ہیں (اگر مکمل طور پر ختم نہ ہو)۔ وولوو کو فوسل فیول سے پاک اسٹیل کی پہلی تجارتی کھیپ کی ترسیل پر غور کرتے ہوئے، SSAB کے سی ای او مارٹن لنکوسٹ نے امید ظاہر کی کہ وہ اسٹیل کی باقی عالمی صنعت کے لیے اپنے مجموعی کاربن فوٹ پرنٹ کو کم کرنے کے لیے ایک مثال ثابت ہوں گے۔

اسٹیل کے آب و ہوا پر اثرات 

اسٹیل کی پیداوار کا موسمیاتی تبدیلی میں ایک بہت بڑا حصہ ہے، یہ دنیا کی کُل گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کا تقریباً 7فیصد ہے۔ کچھ ماہرین کا کہنا ہے کہ 30سال کے اندر اسٹیل کی مانگ اس کی موجودہ شرح سے دوگنا ہو جائے گی، لہٰذا اسٹیل کی تیاری میں پائیداری کو تیزی سے بہتر بنانے کے طریقے تلاش کرنا بہت ضروری ہیں۔ جب سے انسانوں نے لوہے کے دور میں دھات کاری کو پہلی بار دریافت کیا، اس کے بعد سے لوہے اور اسٹیل کی پیداوار کی تیکنیکس میں زیادہ تبدیلی نہیں آئی ہے۔ کسی دھاتی مواد کو اس وقت تک حرارت پہنچاتے ہیں جب تک کہ وہ ایک مفید دھات بننے کے لیے خالص نہ ہوجائے۔

روایتی اسٹیل کی تیاری میں 30میٹر اونچا بلاسٹ فرنس استعمال کیا جاتا ہے، جو روزانہ 9ہزار ٹن لوہا پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ پرانے وقتوں میں چارکول استعمال کیا جاتا تھا لیکن آج کے دور میں جدید اسٹیل بنانے والے فرنس (بھٹی) کو گرم کرنے کے لیے کوک (کوئلے کی پروسیس شدہ شکل) استعمال کرتے ہیں۔ کوک اور ٹھوس لوہے سے فرنس کو بھردیا جاتا ہے، پھر پگھلا ہوا لوہا نیچے سے باہر آتا ہے۔ پگھلے ہوئے لوہے کو پھر اسٹیل میں پروسیس کیا جاتا ہے۔ توانائی پر مبنی یہ عمل اب بہت بڑے صنعتی پیمانے پر انجام دیا جاتا ہے۔

صنعتی انقلاب کے بعدا سٹیل ہر جگہ استعمال ہوتا ہے جن میں گھریلو اپلائنسز، صنعتی مشینری، کاریں، ٹرینیں، بحری جہاز، ہوائی جہاز، فلک بوس عمارتیں، پل اور اوزار وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ ایک اندازے کے مطابق 2.5ٹریلین ڈالرکی عالمی منڈی میں سالانہ تقریباً 1.8 ارب ٹن اسٹیل تیار کیا جاتا ہے۔ زیادہ تر بلاسٹ فرنسز میں کوک جلانے کی وجہ سے اسٹیل کی پیداوار کی اس سطح میں فی الحال 2.7ارب ٹن سے زیادہ کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج شامل ہے۔

فوسل فیول فری ایندھن کیا ہے؟

روایتی بلاسٹ فرنس کے اندر کاربن (کوک میں) کو خام لوہے سے آکسیجن نکالنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔ جیسے ہی کوک جلتا ہے، یہ گرمی کو برقرار رکھنے کے لیے آکسیجن کو کھینچ لیتا ہے۔ اس عمل سے کاربن ڈائی آکسائیڈ پیدا ہوتی ہے اور آلودگی پھیلانے والے دھوئیں کی صورت میں فضا میں شامل ہوجاتی ہے۔ تاہم، اگر کاربن کے بجائے ہائیڈروجن فیول کا استعمال کیا جائے تو صرف پانی (H2O) خارج ہوتا ہے۔ ہائیڈروجن کو کوک اور کوئلے جیسے فوسل فیولز کی جگہ لوہے اور اسٹیل دونوں کے ریڈکش پراسیسز میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔ 

سویڈن میں HYBRIT پارٹنرشپ کے ذریعے ہائیڈروجن فیول والی ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پہلا فوسل فیول فری اسٹیل رول کیا۔ اس رول میں استعمال ہونے والا الیکٹرک آرک ریڈکشن طریقہ درحقیقت بلاسٹ فرنس استعمال کرنے سے زیادہ توانائی کا حامل ہے (کلو واٹ فی گھنٹہ کے لحاظ سے تقریباً 20 سے 30فیصد زیادہ مہنگا)۔ تاہم، یہ عمل ہائیڈروجن کے استعمال کی اجازت دیتا ہے، جو ایندھن کے طور پر جلانے پر گرین ہاؤس گیسوں کا اخراج نہیں کرتا۔

یہ نوٹ کرنا ضروری ہے کہ ہائیڈروجن صرف اس وقت ہی فوسل فیول سے پاک ہوگا جب اسے قابل تجدید برقی طاقت کا استعمال کرتے ہوئے تیار کیا جائے۔ ایسا ہائیڈروجن کی پیداوار کے اعلیٰ توانائی کے اخراجات کی وجہ سے ہے، جو اگر روایتی فوسل فیول کی طاقت سے پورا ہو جائے تو حتمی مصنوعات کی پائیداری کو سختی سے محدود کر دیتا ہے۔ اس اسٹیل کی ابتدائی ترسیل کو SSAB اور شراکت داروں کی جانب سے مکمل طور پر فوسل فیول سے پاک کہا جاتا ہے۔

اگلے اقدامات

SSAB اور دیگر HYBRIT پارٹنرز جولائی2021ء میں وولوو کو فوسل فیول فری اسٹیل کی ابتدائی کامیاب ترسیل کے بعد تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایک نئی شراکت داری کے ذریعے تعمیراتی اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں HYBRIT اسٹیل کی مصنوعات کو استعمال کیا جائے گا۔ SSAB کے سی ای او مارٹن لنکوسٹ کہتے ہیں، ’’ایک ساتھ مل کر ہم تعمیراتی صنعت میں فوسل فری اسٹیل کی پوزیشن کو مضبوط اور عالمی کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کو کم کرنے میں مدد کرتے ہیں‘‘۔

تعمیرات سے مزید