اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ اور جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے متحدہ اپوزیشن کے قائدین کے اعزاز میں عشائیہ دیا جس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو، اختر مینگل سمیت دیگر راہنمائوں نے شرکت کی۔ عشائیے سے قبل ہونیوالے مشاورتی اجلاس میں اتوار کو قومی اسمبلی میں پیش کی جانے والی وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے بعض حکومتی اقدامات اور وزیراعظم کے بیانات پر تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اس موقعہ پر پریس بریفنگ کیلئے میڈیا کو مدعو کیا گیا تھا لیکن عین موقعہ پر پریس کانفرنس منسوخ کر دی گئی۔ دریں اثناء جمعیت علمائے اسلام کے ترجمان اسلم غوری کے مطابق عشائیے میں 201 ارکان نے شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ ہائوس میں رینجرز تعینات ہے جنہوں نے میڈیا کی ٹیموں کو اندر آنے کی اجازت نہیں دی جس باعث بریفنگ منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔