• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف نے عمران خان کو غدار قرار دے دیا


مسلم ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے وزیر اعظم عمران خان کو آئین اور جمہوریت کا غدار قرار دے دیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران نیازی اور حواریوں نے کھلی آئین شکنی کی، وہ سب آرٹیکل 6 کی پکڑ میں آگئے ہیں، ایوان میں ثابت ہوگیا کہ عمران نیازی ہار گئے ہیں۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کوئی حکومت نہیں بلکہ آئین شکن ٹولے کا قبضہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران نیازی وزیراعظم ہی نہیں تو اس آئینی اختیار کو استعمال کیسے کرسکتا ہے، آئین کی شق 5 کو استعمال کیا گیا ہے، اسی میں لکھا ہے ہر صورت آئین پر عمل کیا جائے گا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ شخصی اقتدار کو غیرآئینی طول دینے کے لئے آئین پر حملہ کیا گیا ہے، عمران نیازی ملک کو انارکی میں دھکیل چکے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ چیف جسٹس پاکستان ملک کو بحران سے بچا سکتے ہیں، امید ہے کہ عدالت عظمیٰ آئین کی بالادستی کو یقینی بنائے گی، ملک کو آئین شکنی سے تحفظ کیلئے اپنا آئینی فرض پورا کریں گے۔

خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف اپوزیشن کی تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد مسترد کر دی ہے۔

قومی خبریں سے مزید