لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سانحہ مری کیس کی سماعت کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب کو 8 اپریل کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کیس کی سماعت کی۔
دورانِ سماعت لیگل ایڈوائزر ضلعی انتظامیہ راولپنڈی ایڈووکیٹ سید شاہ محمد عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ لیگل ایڈوائزر صاحب عدالت نے سانحہ مری سے متعلق رپورٹ مانگی تھی، مری میں اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران کے تیزی سے تبادلوں کی وجوہات نہیں بتائی گئیں؟
عدالتِ عالیہ نے ریمارکس میں کہا کہ سانحہ مری کو 2 ماہ گزر گئے، اس میں 23 لوگ جان سے گئے، عدالتی حکم کے باوجود کسی کو کوئی پرواہ نہیں۔
جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے اپنے حکم میں کہا کہ ایڈیشنل چیف سیکریٹری پنجاب کو کہیں کہ 8 اپریل کو عدالت میں پیش ہوں، ان سے کہیں کہ بغیر جاہ و جلال کے ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔
لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ نے سانحہ مری کیس کی سماعت 8 اپریل تک ملتوی کر دی۔