• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیاض چوہان کے چوہدری سرور اور علیم خان پر جوابی الزامات

سابق وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض چوہان کا کہنا ہے کہ گورنر ہاؤس میں فاؤنڈیشن کے نام پر اربوں روپے اکٹھے کئے گئے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض چوہان نے کہا کہ علیم خان نے امریکی قونصل جنرل سے ملاقات کے بعد سینئر وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا، علیم خان نے اپنے مرحوم والد اور مرحومہ والدہ کے نام پر جائیدادیں خریدیں۔

انہوں نے کہا کہ علیم خان صاحب، حمزہ شہباز کا ٹاؤٹ بن کر الزامات نہ لگائیں، انہوں نے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد نیب کے نوٹس آئے، آپ پر ڈیفیکشن کلاز لگانے کی تیاری اسد عمر نے کر لی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ چوہدری سرور نے پارٹی اور عثمان بزدار کیخلاف الزامات لگائے، علیم خان صاحب نے بھی انہی الزامات کو دہرایا، مجھے تین مرتبہ برطرف کیا گیا، میں نے ایک لفظ تک نہیں بولا۔

فیاض چوہان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ارکان پنجاب اسمبلی کو گورنر ہاؤس میں بلا کر ہدایات دی جاتی رہیں، قانون میں کہیں نہیں لکھا کہ گورنر از خود اسمبلی توڑ دے، ہمیشہ وزیر اعلیٰ گورنر کو اسمبلی توڑنے کی سفارش کرتا ہے۔

سابق وزیر جیل خانہ جات پنجاب نے کہا کہ ہمارے ووٹوں پر کھیلے تو ایسا ہی سرپرائز ملے گا جیسا قومی اسمبلی میں ملا تھا۔

خیال رہے کہ علیم خان اور چوہدری محمد سرور نے اپنی پارٹی پر الزامات لگائے تھے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے علیم خان نے کہا تھا کہ پرویز الہٰی کو ڈاکو کہنے والے خان صاحب آج کہتے ہیں کہ پی ٹی آئی کے سارے ووٹ اسے دیدیں۔

انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کے بعد اسمبلیاں نہیں توڑ سکتے، آئین یہ ہی کہتا ہے، عثمان بزدار کی ایک ایک کرپشن آپ کو بتائی گئی، آپ کو کوئی شرم نہیں آئی کہ اپنے مخلص ساتھی کو جیل میں ڈال دیا، جہانگیر ترین کی بیٹیوں پر پرچے کروا دیے، جو آپ کے ساتھ ہے وہ محب وطن، دوسرے غدار ہیں، آپ کیا ملک کے مامے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید