لاہور کے مقامی ہوٹل میں پنجاب اسمبلی کاعلامتی اجلاس ہوا، جس میں حمزہ شہباز کو وزیر اعلیٰ منتخب کرنے کی قرار داد پیش کی گئی۔ اجلاس میں شریک ارکان نے کھڑے ہوکر قرار داد کی منظوری دی، ہال وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کے نعروں سے گونج اٹھا۔
حمزہ شہباز کے حق میں قرار داد پاس ہونے پر مریم نواز آبدیدہ ہوگئیں، مریم نواز نے حمزہ شہباز کو مبارک باد دی۔
مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ ن کا پاور شو کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز اور مریم نواز سمیت ن لیگ کے دیگر رہنما اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں ن لیگ، پیپلز پارٹی، ترین اور علیم خان گروپ کے ارکان پنجاب اسمبلی بھی شریک تھے۔
اس موقع پر رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ اجلاس میں 200 سے زائد ارکان پنجاب اسمبلی شریک ہیں۔
پنجاب اسمبلی کے علامتی اجلاس میں شرکت کے لئے اراکین کی بڑی تعداد مقامی ہوٹل میں موجود تھے، جہاں ن لیگ، علیم خان گروپ، جہانگیر ترین گروپ کے اراکین بھی موجود تھے۔
اس سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز گلبرگ سے مقامی ہوٹل کی طرف روانہ ہوئے، مریم نواز اور حمزہ شہباز اراکین اسمبلی سے اظہار یکجہتی کیلئے بس میں سوار ہوئے۔
قبل ازیں مریم نواز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کا اعلان کرنے کے بعد ہوٹل پہنچی تھیں۔
مریم نواز کے ہمراہ ن لیگ اور اتحادی جماعتوں کےاراکین اسمبلی موجود تھے۔
دوسری جانب ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ اسبملی سیشن کہیں پر بھی بلاسکتےہيں، صوبے میں اس وقت خلا کی پوزيشن ہے، کوئی چیف ایگزيکٹو نہيں ہے۔
دوست محمد مزاری نے کہا کہ قانونی ماہرین سے مشاورت کی انہوں نے کہاکہ آج کی تاريخ میں الیکشن کروائيں۔
واضح رہے کہ پنجاب میں نیا بحران اس وقت پیدا ہوا جب تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی میں اپنے ہی ڈپٹی اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک سیکرٹری اسمبلی کے آفس میں جمع کروا دی۔
ترجمان ق لیگ نے بتایا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک پنجاب اسمبلی میں جمع ہونے کے بعد سردار دوست محمد مزاری اسمبلی اجلاس طلب کرنے کے مجاز نہیں رہے۔
دوسری طرف ترجمان پنجاب اسمبلی نے کہا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے خلاف جب عدم اعتماد آ چکی ہو تو وہ کسی اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتے۔
ترجمان اسمبلی نے کہا کہ آئینی طور پر ڈپٹی اسپیکر کسی بھی اجلاس کی صدارت کے مجاز نہیں۔ اگر وہ ایسا کریں گے تو آئین کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوں گے۔