مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے عمران نیازی کی مثال ہٹلر سے مختلف نہیں، وہ نازی تھا یہ نیازی ہے، جو نازی نے جرمنی میں کیا تھا وہ نیازی نے پاکستان میں کیا۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئےصدر ن لیگ شہباز شریف نے کہا کہ پوری قوم کی نظریں اس وقت سپریم کورٹ پر ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں عدالت عظمیٰ جلد از جلد فیصلہ دے گی۔
انہوں نے کہا کہ قوم کو جو معاشی نقصان ہو رہا ہے اس سے بچانا ہے، عمران خان کی معاشی تباہیاں اور بربادیاں بہت ہو گئی ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج پاکستان دہایوں پیچھے جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو سال سے اسٹے آرڈر پر موجود ڈپٹی اسپیکر نے غیر قانونی اسٹے دیا،پہلے بھی کہا کہ نیشنل سکیورٹی کونسل کے فیصلے عوام میں لائے جائیں، اس طرح انتخابات میں جانا ہے تو ہمیں قبول نہیں،ملک کو بچانا ہے تو شفاف الیکشن یقینی بنانا ہے۔
شہباز شریف نے کہاکہ عمران خان نے 3 اپریل کو آئین کو سبوتاژ کیا،آج پاکستان کو بچانا ہے تو آئین کی بالادستی قائم کرنا ہوگی، عمران نیازی جھوٹے ہیں، عمران نیازی ایبسولیوٹلی فراڈ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 199 ووٹ حمزہ شہباز کو کل ملے ہیں، جہانگیر ترین گروپ اور علیم خان گروپ کا مشکور ہوں،کل حمزہ نے مقررہ ووٹ سے 13 ووٹ زیادہ لیے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ یہاں تو یہ جھوٹا فراڈ لیٹر لے آئے، پنجاب میں کیا ہوا تھا ؟وہاں تالے لگادیئے گئے اور خاردار تاریں لگا دیں گئیں، آئین کی حکمرانی اور آئین توڑنےوالوں کو سزا ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔