جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے آج یوم تشکر منانے کا اعلان کردیا۔
ترجمان جے یو آئی کے مطابق جمعے کو تحفظ آئین کے نام سے ہونے والے مظاہرے اب یوم تشکر کے نام سے ہوں گے، جمعیت علماء اسلام ضلع لاہور کے زیراہتمام جے یو آئی لاہور کا قافلہ اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگیا ہے۔
ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ قافلے کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل مولانا امجد خان، مولانا سلیم اللہ قادری کررہے ہیں، قافلہ شام تک ہکلہ موٹروے انٹرچینج پہنچے گا۔
اسلم غوری کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے آنے والے قافلے ہکلہ سے مولانا فضل الرحمٰن کی قیادت میں اسلام آباد روانہ ہوں گے، جے یو آئی کارکنوں کو اس عظیم فتح پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، اعلیٰ عدلیہ نے آئین کی روح کے مطابق فیصلہ دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج ملک بھر میں کارکن شکرانے کے نوافل ادا کریں۔