پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ سیلفی شیئر کردی۔
سعید غنی کی جانب سے ٹوئٹر پر بلاول بھٹو کے ساتھ سیلفی شیئر کی گئی جس میں دونوں سپریم کورٹ کے فیصلے سے انتہائی خوش دکھائی دے رہے ہیں۔
ٹوئٹ میں سیلفی کے ساتھ ہی سعید غنی نے لکھا کہ ’کوئی پوچھے تو کہنا بلاول آیا تھا۔‘
ایک اور ٹوئٹ میں سعید غنی نے کہا کہ ’آئین کی جیت کا جشن منا رہے ہیں۔‘
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے لیے گئے ازخود نوٹس کا فیصلہ سنادیا گیا۔
فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے تحلیل کی گئی اسمبلی کو بحال کردیا گیا۔
سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بنچ نےڈپٹی اسپیکر رولنگ از خود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ وزیراعظم صدر کو اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس نہیں دے سکتے تھے۔
یہ حکم بھی دیا گیا کہ تحریک عدم اعتماد کی کارروائی جاری رکھیں، کامیاب ہو تو نئے قائد ایوان کے انتخاب تک اجلاس ملتوی نہ کیا جائے، ووٹنگ والے دن کسی رکن اسمبلی کو نہیں روکا جائے گا۔