• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ کا فیصلہ، ریحام خان کا عمران خان کے ٹوئٹ پر ردعمل

وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے ڈپٹی اسپیکر رولنگ از خود نوٹس کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عمران خان کے قوم سے خطاب کے حوالے سے کیے گئے ٹوئٹ پر ردعمل دے دیا۔

عمران خان کا سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد جاری ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ آج  وفاقی کابینہ اور اپنی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس ہوں گے، جبکہ شام میں قوم سے خطاب کروں گا۔

عمران خان نے قوم کیلئے جاری پیغام میں کہا کہ میرا پیغام ہے کہ میں ہمیشہ پاکستان کیلئے لڑا ہوں اور آخری لمحے آخری گیند تک مقابلہ کرتا رہوں گا۔

اس ٹوئٹ پر ردعمل میں سابقہ اہلیہ ریحام خان نے ’LOL‘ لکھا، سوشل میڈیا پر ’لول‘ ’قہقہہ لگانے‘ کا مخفف ہے، اسے طنزیہ قہقہے میں بھی شمار کیا جاسکتا ہے۔

یہی نہیں بلکہ ریحام خان سپریم کورٹ کے فیصلے سے کافی خوش دکھائی دیں، انہوں نے اہلِ خانہ کے ساتھ مٹھائی بھی کھائی اور ناصرف خود مٹھائی کھائی بلکہ سوشل میڈیا صارف سے بھی مٹھائی کا وعدہ کرلیا۔

فیملی کے ساتھ ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے ریحام خان نے بتایا کہ فیملی کی میٹھے کے ساتھ آمد، جمہوریت پسندوں کو تاریخی فیصلہ مبارک ہو۔

زاہد نامی صارف نے ریحام خان سے کہا کہ آپ اور تمام پاکستانیوں کے لیے اس وقت  کچھ میٹھا ہونا چاہیے، پلیز مجھے بھی جلیبیاں کورئیر کروائیں۔

جواب میں ریحام خان نے فوری طور پر جلیبیاں بھیجنے کی حامی بھر لی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے لیے گئے ازخود نوٹس کا فیصلہ سنادیا گیا۔

فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے تحلیل کی گئی اسمبلی کو بحال کردیا گیا۔

سپریم کورٹ کے پانچ رکنی لارجر بینچ نےڈپٹی اسپیکر رولنگ از خود نوٹس کیس کی سماعت کرتے ہوئے حکم دیا کہ وزیراعظم، صدر کو اسمبلی توڑنے کی ایڈوائس نہیں دے سکتے تھے۔

قومی خبریں سے مزید