پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے سپریم کورٹ کے از خود نوٹس آنے کے بعد سندھ ہاوس میں ارکان اسمبلی سے ملاقات کی۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پرصحافی یاسر ملک نےسپریم کورٹ کی جانب سے از خود نوٹس کیس کا فیصلہ سنائے جانے کے بعد سندھ ہاؤس سے ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ’چیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی سندھ ہاوس میں ارکان اسمبلی سے ملاقات اور جشن کا سماں‘۔
اس ویڈیو میں سندھ ہاوس میں بلاول بھٹو زرداری کی ارکان اسمبلی سے ملاقات کے دوران سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمران خان کی حکومت کے خلاف نعرے لگا کر جشن مناتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے لیے گئے ازخود نوٹس کا فیصلہ سنایا گیا۔
فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے تحلیل کی گئی اسمبلی کو بحال کردیا۔
سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کو ہفتے کی صبح اسمبلی کا اجلاس بلانے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروانے کا حکم دے دیا۔