کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج،سپریم کورٹ فیصلے کے مثبت اثرات، سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر خریداری سے تیزی کا رحجان رہا ،کے ایس ای 100انڈیکس میں 658 پوائنٹس کا اضافہ، 44ہزار پوائنٹس کی حد بحال،72.30 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی، سرمایہ کاری مالیت میں 93ارب 52کروڑ 16لاکھ روپے کا اضافہ، کاروباری حجم بھی 61.60 فیصد زیادہ ریکارڈ کیا گیا، تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ فیصلے کے بعد سیاسی بے یقنی میں کمی کے باعث سرمایہ کاروں کا اعتماد کچھ بحال ہوا ہے جس کی وجہ سے کاروباری ہفتے کے آخری روز ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی مارکیٹ میں مثبت رحجان دیکھنے میں آیا اور گذشتہ روز کی نسبت خریداری میں نمایاں اضافے سے دن بھرتیزی کا رحجان برقرار رہا، ایک موقع پر 100انڈیکس 715 پوائنٹس تک پلس میں چلا گیا لیکن کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 657.75 پوائنٹس کے اضافے سے 43786.83پوائنٹس سے بڑھ کر 44444.58 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 306.05 پوائنٹس کے اضافے سے 16708.08 پوائنٹس سے بڑھ کر 17014.13پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 380.05وائنٹس بڑھنے کے بعد 29989.23 پوائنٹس سے بڑھ کر 30369.28 پوائنٹس ہو گیا، جمعہ کو مارکیٹ میں 325کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 235 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی،72 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی اور 18 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 93 ارب 52 کروڑ 16 لاکھ 18ہزار روپے کے اضافے سے 7474 ارب 4کروڑ 70لاکھ 50ہزار روپے ہو گئی ،خریداری میں اضافے کے باعث کاروباری حجم 14 کروڑ 10لاکھ 17ہزار شیئرز سے بڑھ کر 22کروڑ 78 لاکھ 85ہزار شیئرز تک پہنچ گیا اس طرح جمعرات کی نسبت اس میں 8کروڑ 68لاکھ 68ہزار شیئرز کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جمعہ کو کاروباری حجم کے لحاظ سے ٹیلی کارڈ ، غنی گلوبل ہولڈنگ، ٹریٹ کار پوریشن ، سنرجیکو پاک اور ٹی پی ایل پراپرٹیز سر فہرست رہے۔