پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ گزشتہ روز عمران خان نے اپنے خطاب میں عدم اعتماد کی ووٹنگ کا اعلان کیا تھا، عوام ساڑھے تین سال سے معاشی بحران کا شکار تھے، تقاریر اور بحث کے دن ختم ہوچکے، آج صرف عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج صبح ساڑھے 9 بجے کمیٹی روم نمبر 2 میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس سے پہلے متحدہ اپوزیشن کے پارلیمانی سربراہان کا مشاورتی اجلاس ہوگا، متحدہ اپوزیشن کے پارلیمانی قائدین کا اجلاس اپوزیشن چیمبر میں صبح 9 بجے ہوگا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر کے چیمبر میں حکمت عملی طے ہوگی، متحدہ اپوزیشن کے قائدین آج کے اجلاس کی حکمت عملی کو حتمی شکل دیں گے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اس کے علاوہ تمام ایجنڈا غیر قانونی اور غیر آئینی ہوگا، اگر یہ دوبارہ آئین شکنی کرنا چاہتے ہیں تو ان کی مرضی، ان کے پاس کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس کچھ دیر میں ہو گا۔