اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کا بتانا ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے بلائے جانے والے اجلاس سے متعلق اسپیکر نے کہا ہے کہ اجلاس کل تک ملتوی کر دیتے ہیں۔
ایاز صادق نے صحافیوں سے بات چیت میں کہا کہ اجلاس کیسے کل تک ملتوی کر سکتے ہیں، آج ووٹنگ لازمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات 3بجےتک اسپیکرسےملاقات ہوئی کہ اجلاس کیسے چلائیں، اسپیکر نے کہا الیکشن کرا لیتے ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ اسپیکر کو ہم نےکہا کہ جب ہم پہلےکہہ رہےتھے تب کیوں نہیں کرایا، اب صرف عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کل اجلاس ہواتو آئین کی خلاف ورزی ہو گی ، عدم اعتماد پر آج ووٹنگ کا آخری دن ہے۔
ایاز صادق کے مطابق 8 بجے ووٹنگ کی کوئی بات نہیں ہوئی، جوبھی فیڈ کررہا ہے غلط کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بڑی سادہ بات ہوئی ہے،سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پرعمل کریں، یہ فیصلے میں لکھا ہےساڑے دس بجےکارروائی کی جائے اور ووٹنگ کرائی جائے، اسپیکرنے ہمیں کوئی یقین دہانی نہیں کرائی، آج ان کا آخری دن ہے،آج نہیں کرائی تو توہین عدالت ہوگی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرسی سےچپکےہوئے ہیں،کہتے ہیں گھنٹہ دو گھنٹہ زیادہ رہ جاؤں، اچھا نہیں لگتا کہتے پر یہ ان کا چھوٹا پن نظرآرہا ہے۔
ایاز صادق نے کہا کہ وہ سلیکٹ ہوئے تھے، الیکٹ تو ہوئے نہیں تھے، باربار سلیکشن نہیں ہوتی۔