قومی اسمبلی نے نئے وزیرِ اعظم کے انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا، جبکہ اجلاس کا وقت بھی تبدیل کر دیا گیا ہے۔
جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق نئے وزیرِ اعظم کا الیکشن کل ہو گا۔
وزیرِ اعظم کے امیدواروں کے لیے کاغذاتِ نامزدگی آج دوپہر 2 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے۔
کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال سہ پہر 3 بجے تک ہو گی۔
دوسری جانب قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی کے کل (11 اپریل کو) ہونے والے اجلاس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کو دوپہر 2 بجے ہو گا۔
اس سے پہلے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح 11 بجے طلب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ شب قومی اسمبلی نے عمران خان پر عدم اعتماد کر دیا جس کے بعد عمران خان پاکستان کے وزیرِ اعظم نہیں رہے۔
تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد کے حق میں 174 ووٹ آئے، پی ٹی آئی کے منحرف ارکان نے ووٹ نہیں ڈالا۔
پارلیمنٹ نے عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب سے فارغ کر دیا۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیرِ اعظم کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔
تحریکِ عدم اعتماد ناکام بنانے کے لیے اپنائے گئے تمام غیر آئینی حربے ناکام رہے۔
عمران خان تحریکِ عدم اعتماد کے ذریعے نکالے جانے والے ملک کے پہلے وزیرِ اعظم بن گئے۔