اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ایف بی آر کو ٹیکس چوروں اور نان فائلرز کے خلاف سخت اقدامات کرنے کے لئے حکمت عملی مرتب کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ رواں مالی سال کے ریونیو کو اکھٹا کرنے اور آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ تجاویز کا جائزہلینے کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کو آئندہ بجٹ میں زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ وزیر خزانہ نے ا سٹیک ہولڈر زکے ساتھ مشاورت کر کے بجٹ تجاویز کو مرتب کرنے پر ایف بی آر ٹیم کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ان تجاویز کو حتمی شکل دیتے وقت حکومت کے اقتصادی ترقی کے ہدف کو بھی مد نظر رکھا جائے۔ اجلاس میں وزیراعظم کے معاون خصوصی ریونیو ہارون اختر خان بھی موجود تھے۔ چیئرمین ایف بی آر نثار محمد خان نے اجلاس کو بتایا کہ رواں مالی سال کا ریونیو ہدف حاصل کرنے کےلئے تمام کوششیں بروئے کار لائی جارہی ہیں اور 3104ارب روپے کا ہدف حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔