راولپنڈی(نمائندہ جنگ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید رشید نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو چلنے نہیں دیں گے، میں عمران خان کی حمایت میں جیل بھرو تحریک کا اعلان کرتا ہوں،ملک اس طرح نہیں چلتے ۔اداروں سے کہنا چاہتا ہوں بیچ میں پڑیں اور میز پر بٹھا کر90دن میں الیکشن کرائیں ورنہ ملک میں خانہ جنگی ہوجائے گی۔ ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو انتخاب آخری راستہ ہے۔پی ٹی آئی نے استعفے دئیے تو ملک میں سکون نہیں ہوگا، امید ہےعید سے پہلے کوئی معجزہ ہوگا۔ جس نے فائلیں بدلی ہیں وہ وزیر اعظم بننے جارہا ہے۔اگر اس امپورٹڈ حکومت کو ختم نہ کیا تو میرا نام شہباز شریف رکھ دینا۔ لال حویلی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر عدالت میں آکر کہتا ہے کہ سات ماہ تک الیکشن نہیں ہوسکتے۔میں دو الزام لگا رہا ہوں۔ایک یہ فائلیں بدلتے رہے ہیں۔پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے کیسسز کی۔دوسرااس ملک میں دہشت گردی کے خدشات ہیں۔اس ملک کو بچانا ہے تو رات کی تاریکی میں فیصلے نہیں کرنے دن کی روشنی میں فیصلے کرنے ہیں۔ہم لڑیں گے امن سے۔عید کے بعد جیل بھرو کی تحریک چلائیں گے۔میں خود نکلوں گا وہ بھی نکلی تھی بلاول۔وہ بھی نکلی تھی کراچی سے اور یہ مرد مجاہد بھی نکلے گا سارے سندھ میں نکلے گا سارے سندھیوں کو بتائوں گا یہ چور ڈاکو ہیں۔ماریں مجھے گولی مارنی ہے۔کراچی سے لے کر خیبر تک نکلوں گا۔شہباز شریف سولہ ارب روپے کا کیس آج ٹھیک کررہا ہے۔مقصود چپڑاسی کی سیاست نہیں چل سکتی۔میرا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں ہے لیکن ساری قوم کو عمران خان کے پیچھے اکٹھا کرکے بتائوں گا میرا نام شیخ رشید ہے۔آخری استعفی اس لئے دوں گا کہ یہ نہ ہو اکیلا رہ گیا ہوں۔میں الیکشن نہیں لڑنا نہیں چاہتا تھا۔سیاست سے دستبردار ہونا چاہتا تھا لیکن اس وقت عمران خان کو اکیلا چھوڑنا غداری سمجھتا ہوں۔اب اعلان کرتا ہوں آگے سے بھی زیادہ سیاست کروں گا اور الیکشن میں حصہ لوں گا۔