پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آج پیٹرولیم پر میٹنگ ہوگی،معلوم ہے کہ فوری طور پر مہنگائی ختم نہیں کرسکتے، کچھ تو آنسو پونچھے جائیں گے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آخری وقت میں گزشتہ حکومت نے لاپروائی کا مظاہرہ کیا، لیکن اب ذمہ داری ہماری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت پٹرول میں 40 روپے فی لیٹر نقصان کررہی ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے اپنے اعداد و شمار کے مطابق اس سال 5 ہزار 600 ارب روپے کا خسارہ ہوگا۔آئی ایم ایف کے پروگرام میں رہنا اس وقت پاکستان کے وسیع تر مفاد میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کو منائیں گے، معیشت کو ٹھیک کریں گے، شرائط نرم کرانے کی کوشش کریں گے۔
لیگی رہنما مفتاح اسماعیل نے کہا کہ تحریک انصاف نے جو معاہدے کیے انہیں پورا کریں گے۔ ن لیگ کے پاس بہترین معاشی ٹیم ہے۔