اسلام آباد ہائی کورٹ نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے خلاف درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کر لی۔
عدالتِ عالیہ کی جانب سے سماعت کے لیے لارجر بینچ تشکیل دے دیا گیا ہے جو چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ، جسٹس عامر فاروق، جسٹس بابر ستار پر مشتمل ہو گا۔
اس سے قبل نون لیگ کے مرتضیٰ جاوید عباسی نے قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے اقدام کے خلاف پٹیشن اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی تھی۔
درخواست میں کہا گیا کہ اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کرنے کا 13 اپریل کا سرکلر آئین سے متصادم ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر اسمبلی کے الیکشن کے لیے اجلاس فوری بلانےکی ہدایت کی جائے۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ سیکریٹری پارلیمانی امور اور سیکریٹری اسمبلی کو 16 اپریل کو اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے۔
یہ استدعا بھی کی گئی کہ ڈپٹی اسپیکر کو اسپیکر قومی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔
درخواست میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری، سیکریٹری پارلیمانی امور اور سیکریٹری اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔