• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سویٹ ہومز یتیم بچوں کو بہترین تعلیمی سہولیات دے رہا ہے، خورشید شاہ

اسلام آباد( نمائندہ خصوصی)اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان سویٹ ہومز ایشیا کا سب سے بڑا یتیم بچوں کا ادارہ ہے جو کہ ان کی تعلیم و تربیت میں ہر ممکن کوشش کر کے ان کو کسی بھی  بہترین تعلیمی ادارے کے برابر سہولیات فراہم کر رہا ہے۔  سویٹ ہومز میں زمرد خان کی زیر سرپرستی پاکستان بھر میں 3600 بچے پالنا اور ان کو اے گریڈ سہولیات فراہم کرنا انہی کا خاصا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سویٹ ہومز کے اچانک دورےکے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ سابق وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ ، چوہدری منظور اور برطانیہ کی معروف سماجی شخصیات پرویز اختر اور جمال انصاری بھی موجود تھے۔ مہمانوں نے سویٹ ہوم میں واقع بچوں اور بچیوں کے سکول اور ہاسٹل کا دورہ کیا اور گراونڈ میں سینکڑوں بچوں کو کھیلتے دیکھ کر ان سے گپ شپ بھی کی۔ اس موقع پر بچوں اور بچیوں نے مہمانوں سے سوال و جواب بھی کئے۔ اور انہیں پاکستانی نغمے سنائے۔  خورشید شاہ نے کہا کہ سکھر میں ایسے بچوں کا زیر تعمیر سنٹر تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ زمرد خان نے مہمانوں کو بریف کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کا اصل مسئلہ لاوارث بچوں کو محفوظ پلیٹ فارم میں لا کر ان کو عزت و وقار سے تعلیم و تربیت دینا ہے۔
تازہ ترین