مسلم لیگ ن کی ترجما ن مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ ہو سکتا ہے اگلا استعفیٰ صدر پاکستان عارف علوی کا ہو۔
مریم اورنگزیب نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو میں کہا کہ وفاقی کابینہ کا اعلان آج متوقع ہے، وفاقی کابینہ حلف کب اٹھائے گی اس کی ابھی تصدیق نہیں کرسکتی ۔
انہوں نے پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کو جعلی قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کا استعفیٰ سیکریٹری قومی اسمبلی کے دفتر کو موصول ہو گیا ہے۔
قاسم سوری کا کہنا ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کے عہدے سے استعفیٰ پارٹی وژن کے مطابق دیا، استعفیٰ پارٹی کی جمہوریت کے ساتھ اس کی وابستگی کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خود مختاری اور سالمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، ملک کی آزادی کے تحفظ کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔