پاکستانی فلم ساز صائم صادق کی فیچر فلم’جوئے لینڈ‘ کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے منتخب ہونے والی پہلی پاکستانی فلم بن گئی ہے۔
کانز فلم فیسٹیول نے اپنے آفیشل ٹوئٹر ہینڈل پر اعلان کیا ہے کہ پاکستانی فلمساز صائم صادق کی فیچر فلم ’جوئے لینڈ‘ کو کانز فلم فیسٹیول کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر نمائش کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ فیچر فلموں کی کیٹیگری صرف 14 فلموں کی محدود تعداد ہوتی ہے اور یہ ناقابل یقین اور فخر یہ لمحہ ہے کہ ایک پاکستانی فلم نے تاریخ میں پہلی بار اس کیٹیگری میں جگہ بنائی ہے۔
اس موقع پر پاکستانی شوبز شخصیات کی خوشی دیدنی ہے، اداکارہ ماہرہ خان نے بھی کانز فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پاکستانی فلم کے منتخب ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’ یہ حیرت انگیز ہے!‘
اُنہوں نے فلم کی پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ’پوری ٹیم کو اور پاکستان کو مبارک ہو‘۔
اداکار عثمان خالد بٹ نے لکھا کہ’یہ زبردست اور پاکستانی سینما کے لیے بہت بڑا اور فخریہ لمحہ ہے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’صائم اور جوئے لینڈ کی پوری ٹیم کو مبارک ہو!‘
جبکہ آسکر ایوارڈ یافتہ شرمین عبید چنائے نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’اس سال کانز میں ایک پاکستانی فلم ہے‘۔
اُنہوں نے فلم ساز صائم صادق کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ’ ان کے لیے اس سے زیادہ فخریہ لمحہ کوئی اور نہیں ہوسکتا‘۔