• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری صدر پاکستان، عمران خان کا مستقبل خراب، منظور وسان کا ایک اور خواب

خوابوں، پیشگوئیوں اور مستقبل کے سیاسی حالات بتانے کے حوالے سے مشہور، پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما اور وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر زراعت سندھ منظور وسان نے آصف علی زرداری، عمران خان اور الیکشن کے متعلق نئی پیشگوئی کردی ہے۔ 

ایک تازہ بیان میں منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ ’میں ایوان صدر میں آصف علی زرداری کو دیکھ رہاہوں۔‘

منظور وسان کی جانب سے پیشگوئی کرتے ہوئے کہا گیا ہےکہ سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے سربراہ، عمران خان کا مستقبل بہت خراب دیکھ رہا ہوں۔ 

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کےکچھ لوگ باہر چلے جائیں گے، بہت سے لوگ جیل جاتے ہوئے دیکھ رہا ہوں، صرف طے کرنا ہے کہ ان کو کون کون سی جیل میں رکھنا ہے۔ 

منظور حسین وسان کے مطابق الیکشن 6 یا 8 ماہ بعد ہوسکتے ہیں، عام انتخابات فیئر اینڈ فری ہوں گے۔

منظور وسان نے پیشگوئی کی ہے کہ جو جیت کر آئے گا اسے حکومت میں موقع دیا جائے گا، ابھی جو عمران خان کے ساتھ ہیں وہ ہوسکتا ہے کہ چھ ماہ بعد نظر بھی نہ آئیں، کون کس میں ملوث تھا کس نے کرپشن کی اب سب سامنے آئے گا۔

مشیر زراعت منظوروسان کا کہنا ہے کہ عمران خان کو بھی رونا نہیں چاہیے احتساب سب کا ہوگا،  احتساب نہیں ہوگا تو ملک نہیں چل سکے گا، احتساب ضروری ہے۔ 

اُن کا کہنا ہے کہ عمران حکومت نے مہنگائی پر توجہ نہیں دی تھی، موجودہ حکومت میں مہنگائی میں کمی آئے گی، الیکشن جیتنے کا جلسوں سے اندازہ نہیں لگایا جا تا ہے، جلسہ کرنا اور ہے اور الیکشن جیتنا اور بات ہے۔

قومی خبریں سے مزید