• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری برطانوی دارالحکومت لندن روانہ ہو گئے۔

بلاول بھٹو زرداری حلف اٹھائے بغیر لندن روانہ ہوئے ہیں، وہ وہاں قائدِ ن لیگ، سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق بلاول لندن میں 2 سے 3 دن تک قیام کریں گے اور وہاں قیام کے دوران ان کی اولین مصروفیات نواز شریف سے ملاقات ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نواز شریف سے ملاقات کے دوران اختلافی معاملات پر بھی بات چیت کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کی تھی، پیپلز پارٹی کو اس ضمن میں بعض تحفظات ہیں۔

ن لیگ سے کوئی ڈیڈ لاک نہیں

پیپلز پارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ وزارتِ خارجہ کے معاملے پر ن لیگ سے کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے۔

اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اے این پی، بی این پی اور محسن داوڑ کو وزارت ملنے کے بعد حلف اٹھانا چاہتے ہیں۔

اس حوالے سے یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ محسن داوڑ جنہیں پہلے وزیر بنائے جانے کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن بعد میں اس فیصلے پر عمل درآمد روک دیا گیا جس پر پیپلز پارٹی نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

شریک چیئرمین پی پی پی و سابق صدر آصف علی زرداری نے اس حوالے سے حکومت میں شامل بعض رفقاء سے ’سنجیدہ مشاورت‘ بھی کی ہے۔

بلاول نواز شریف کو مبارکباد دینگے

پیپلز پارٹی کے جاری کیے گئے اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری اتحادی حکومت کے قیام پر نواز شریف کو مبارک باد دینے جا رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید