• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

6 ایل این جی کارگوز کی فراہمی کیلئے آنے والی بولیاں کھول دی گئیں

پاکستان نے بجلی لوڈشیڈنگ پر قابوپانے کیلئے6 ایل این جی سپاٹ کارگوز کیلئے آنے والی بولیاں کھول دی ہیں۔ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو مئی اور جون کی ڈلیوی کیلئے یہ بولیاں 24.15 ڈالر سے 31.77 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو تک موصول ہوئیں۔

ان بولیوں کی حتمی منظوری پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کا بورڈ دے گا، ذرائع کے مطابق ایک نجی عالمی کمپنی ای این آئی کی طرف سے یکم مئی کو ایل این جی کارگو سپلائی سے معذرت کے بعد اس کی جگہ بھی اسپاٹ ایل این جی کارگو کی بولی موصول ہو گئی، جو معمول کے کارگو سے 151فیصد زیادہ ہے۔

پی ایل ایل کے مطابق یکم سے دو مئی تک کی ایل این جی ڈلیوری کیلئے 29.67 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی موصول ہوئی ،12سے13مئی کی ڈلیوری کیلئے 24.15 ڈالر، سترہ سے 18مئی کیلئے 31.77 ڈالر اور 27 سے 28 مئی کی ڈلیوری کیلئے 26.87 ڈالر فی ایم ایم بی یو کی بو لیاں موصول ہوئی ہیں۔

پاکستان ایل این جی کے مطابق یکم سے 2 جون کی ایل این جی فراھمی کیلئے کوئی بولی نہیں جبکہ 6 سے7 جون کے کارگو کیلئے 27.65 ڈالر اور سولہ سے سترہ جون کی سپلائی کیلئے 29.04 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کی بولی موصول ہوئی۔

ذرائع کے مطابق ای این آئی کی طرف سے معاہدے کے مطابق یکم مئی کی ایک کارگو کی سپلائی سے معذرت کے بعد یکم سے دو مئی کی سپلائی کیلئے ایک الگ ٹینڈر جاری کیا گیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید