• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ٹی آئی کا وزیراعظم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے کہ جس شخص پر نیب کے مقدمات ہوں وہ پاکستان کی نمائندگی کرے تو ملک کے وقار کو نقصان پہنچتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پٹیشن دائر کررہے ہیں کہ جب تک شہباز شریف مقدمے سے بری نہیں ہوتے مسلم لیگ (ن) اپنے کسی دوسرے رکن کو نامزد کردے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نااہل کرنے اور پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی سازش ہو رہی ہے۔ حکومت نے پہلا کام عوام کی بھلائی کا نہیں کیا، اپنے لوگوں کے نام ای سی ایل سے نکالے۔ کابینہ میں آدھے سے زیادہ لوگ ضمانت پر ہیں۔ 13جماعتوں کا غیر فطری الائنس بکھر جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ بھٹو کا نواسا اور بےنظیر کا بیٹا لندن میں نواز شریف سے قومی اسمبلی کی 10سیٹوں کی خیرات لینے گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم نے تین چار فیصلے کیے ہیں، 26 اپریل کو پورے ملک میں ہر ضلع میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے ضلعی دفتر کے سامنے پُرامن احتجاج کرنا ہے، ہم نے اپنا مکمل ریکارڈ الیکشن کمیشن کے سامنے رکھ دیا، ہر سوال کا مفصل جواب دیا۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ تحریک انصاف پہلی جماعت ہے جس نے پولیٹیکل فنڈنگ متعارف کرائی، کیوں کہ ہمارے پاس چوری کا مال نہیں تھا، بیرون ملک پاکستانیوں سے امداد طلب کی، اوورسیز پاکستانیوں نے ایک ہفتے میں 22 کروڑ روپے جمع کرائے۔

سابق وفاقی وزیر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کیا پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن بالکل بے عیب تھی؟ کیا بات ہے کہ پہلی بار پی ٹی آئی منتخب ہوتی ہے اور ایک سازش کے ذریعے رخصت کیا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے اسلام آباد، کراچی، لاہور اور پشاور کو تیار پایا، کیا ملتان تیار ہے؟ عید کے بعد 29 مئی کو ملتان میں پی ٹی آئی کا جلسہ ہوگا۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے (ن) لیگ کے قائد و سابق وزیراعظم نواز شریف سے لندن میں کئی ملاقاتیں کی تھیں جن میں ملکی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی تھی۔

قومی خبریں سے مزید