• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جلد امپورٹڈ حکومت سے جان چھوٹے گی، شیخ رشید

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ سے جلد اچھی خبریں متوقع ہیں، فوج عوام کی رائے کی قدر کرتی ہے، جلد امپورٹڈ حکومت سے جان چھوٹے گی۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی فرار کی تیاریاں شروع ہوگئی ہیں، ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے 150 ملزمان کے نام نکال دیئے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سنبھالی نہیں جارہی، یہ این آر او ٹو لینے آئے تھے، امپورٹڈ حکومت کی کوئی آئینی قانونی حیثیت نہیں، یہ حکومت بیرونی سازش کے تحت چور دروازے سے بنی ہے۔

سابق وزیر داخلہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سرکاری خزانے کا بے دریغ استعمال دوبارہ سے شروع ہو چکا ہے۔

پی ٹی آئی کا وزیراعظم کے خلاف عدالت جانے کا اعلان

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے وزیراعظم شہباز شریف کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا۔

تحریک انصاف کے رہنما و سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھاکہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے کہ جس شخص پر نیب کے مقدمات ہوں وہ پاکستان کی نمائندگی کرے تو ملک کے وقار کو نقصان پہنچتا ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پٹیشن دائر کررہے ہیں کہ جب تک شہباز شریف مقدمے سے بری نہیں ہوتے مسلم لیگ (ن) اپنے کسی دوسرے رکن کو نامزد کردے۔

قومی خبریں سے مزید