• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں بھی سورج سوا نیزے پر چلا گیا

فائل فوٹو
فائل فوٹو

ملک کے دوسرے شہروں کی طرح لاہور میں بھی سورج سوا نیزے پر چلا گیا، گرم لو کے تھپیڑوں سے شہری بلبلا اٹھے، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دنوں میں درجہ حرارت شدید حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

صوبائی دارالحکومت میں سورج کا پارہ چڑھ گیا، سورج آگ برسانے لگا، طبی ماہرین کاکہنا ہے کہ شہری شدید گرمی کی وجہ سے بیمار پڑ سکتے ہیں، احتیاط کی ہدایت کر دیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے، شہر کی ہوا میں نمی کا تناسب 16 فیصد ہے ،21 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے لیکن دھوپ کی تپش سے ہوا محسوس نہیں ہو رہی۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ گرمی کی شدت کے سبب بخار، جسم پر دانے، تیز نبض، غنودگی ،ہیٹ اسٹروک، شدید پسینہ، پیلاہٹ، الٹی/قے، سر درد کی علامات ہوں تو فوری اسپتال جائیں۔

ڈی جی ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر ہارون جہانگیر کاکہنا ہے کہ شہری ڈھیلے ڈھالے ہلکے رنگ کے کپڑے زیب تن کریں، بلا ضرورت گھر سے نہ نکلیں، سایہ دار، کھلی ہوادار جگہ میں بیٹھیں، غسل کریں اور صفائی کا خیال رکھیں، ورزش سے پرہیز کریں ۔

ڈاکٹر ہارون جہانگیر نے ہدایت کی ہے کہ دھوپ میں کھڑی بند گاڑی میں نہ بیٹھیں، بچوں کو بند گاڑی میں نہ چھوڑیں، کھانا بھوک رکھ کر کھائیں، افطار کے وقت کھانے پینے میں احتیاط برتیں ،زیادہ پسینہ آنے پر شکنجبین اور نمکول کا استعمال مفید ہے۔


قومی خبریں سے مزید