وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے جانے کے بعد ہم نئے پاکستان سے پرانے پاکستان میں لوٹ رہے ہیں، آپ کو نواز شریف کے پرانے پاکستان میں واپسی مبارک ہو۔
لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا تھا وہ خودکشی کرلے گا مگر آئی ایم ایف کے پاس نہیں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی روپیہ 38 فیصد گِر گیا، یہ ایسا کھلاڑی ہے جس نے عوام کے ساتھ کھلواڑ کیا، نیازی آیا تو گروتھ ریٹ منفی ہوگیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ عمران نیازی آج مگر مچھ کے آنسو بہا رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم انتقام نہیں لیں گے، اربوں روپے کا جو ٹیکا لگایا گیا، ظلم کیا گیا، ایک ایک ظلم کا حساب لیں گے۔
انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی سازش سازش کا رونا بند کرو۔
پی ٹی آئی کے ممکنہ دھرنے سے متعلق حمزہ شہباز نے کہا کہ اب دھرنا دینے کا سوچنا بھی مت، بنی گالہ میں بیٹھے رہنا، آپ نے 126 دن عوام کا وقت ضائع کیا، باز آجاؤ، ہمارے صبر کو کمزوری مت سمجھنا۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران نیازی تم سازشی ہو، تم نے پاکستانی قوم سے سازش کی ہے، تم نے 4 سال شریف خاندان سے بدترین انتقام لیا۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران نیازی کہتے تھے عثمان بزادر ان کے وسیم اکرم پلس ہیں، نیازی دور میں پنجاب میں چپڑاسی سے لے کر افسر کے عہدے تک بولی لگتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ عمران نیازی آپ کو وارننگ دینا چاہتا ہوں، ہوش کے ناخن لو اداروں کو بدنام نہ کرو۔