• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دُعا زہرہ کیس کو مزید نہ اُچھالیں: نور بخاری

پاکستان شوبز انڈسٹری کی سابقہ اداکارہ نور بخاری نے کہا ہے کہ دُعا زہرہ کیس کو اب مزید نہ اُچھالیں، اب اسے اُن کے گھر کا ذاتی مسئلہ رہنے دیں۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے ویڈیو پیغام میں نور بخاری نے کہا کہ اللّہ تعالیٰ کا شُکر ہے، دُعا زہرہ خیریت سے مل گئی ہے لیکن میں بہت سارے پلیٹ فارمز پر یہ چیز دیکھ رہی ہوں کہ لوگ جذباتی ہورہے ہیں اور اس سارے کیس کو ڈرامہ قرار دے رہے ہیں۔

نور بخاری نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ ہمیں خوفناک کہانیاں سُننے کی اتنی عادت ہوگئی ہے کہ ہم یہ چیز قبول نہیں کر پارہے کہ دُعا زہرہ صحیح سلامت مل گئی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ میں نے ہر نماز میں دُعا زہرہ کے لیے دُعا کی جس طرح ہر ماں اور ہر پاکستانی نے کی، اب جبکہ دُعا مل گئی ہے تو ہمیں اس مسئلے کو مزید اُچھالنا نہیں چاہیے کیونکہ یہ اُن کے گھر کا ذاتی مسئلہ ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں نور بخاری کا کہنا تھا کہ بچوں سے غلطی ہوگئی ہے، اُنہیں اندازہ نہیں تھا کہ یہ سب اس حد تک پہنچ جائے گا لیکن اب سب سے گزارش ہے کہ مزید اس کیس پر بات نہ کریں تاکہ اُن کے والدین کی مزید عزت خراب نہ ہو۔

سابقہ اداکارہ نے کہا کہ بچی بھی ایک صدمے سے گُزر رہی اور والدین بھی، ایسے میں آپ کے منفی تبصرے اُن کو مزید پریشان کررہے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ مثبت سوچیں اور اللّہ کا شُکر ادا کریں کہ دُعا کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوا، ساتھ ہی سب کی بیٹیوں کی عزت کی حفاظت کے لیے دُعا کریں۔

اس سے قبل نور بخاری دُعا زہرہ کے لیے جاری کردہ پیغام میں کہا تھا کہ بھاگ کر شادی کرنے میں کوئی عزت نہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید