پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت نے پہلا فیصلہ یہ کیا کہ پی آئی اے کا جہاز لےکر اس پر پورا ٹبر عمرہ کرنے جائے گا، عمرے کے وفد میں 4 باورچی بھی شامل تھے جس میں سے ایک آلو گوشت بنانے والا تھا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فوادچوہدری نے کہا کہ پاکستان میں بجلی اور ڈیزل کا بد ترین بحران پیدا ہوچکا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ بحران کی بنیادی وجہ موجودہ حکومت کی بدانتظامی ہے، دو ہفتے سے زیادہ ہوچکے ہیں، ان کے پاس اب تک وزیر توانائی نہیں ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ مریم اورنگزیب کسی جگہ پرکونسلر کا الیکشن لڑ کر دکھا دیں، مریم نواز اور مریم اورنگزیب محلےکی عورتوں کی طرح طعنے دیتی ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کو ان خواتین کے حوالے نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ جو کام ضیاء الحق نہیں کرسکے وہ آج زرداری نے کروادیا، آج پیپلز پارٹی ن لیگ میں شامل ہوگئی ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے ان سب کو ایک ہی انتخابی نشان ’لوٹا‘ دے دیں، پاکستان میں دو اقدامات انتخابی اصلاحات اور الیکشن کی طرف بڑھنا چاہیے۔