• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانوی وزیرِ اعظم کا وزیرِ اعظم پاکستان کے نام خط

برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کے نام خط لکھ دیا۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے شہباز شریف کو وزیرِ اعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان گہرے تعلقات ہیں، دونوں ممالک کے درمیان عوام کی سطح پر مضبوط تعلقات ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا ہے کہ برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے خط میں اپنے 2016ء کے دورۂ پاکستان کو یاد کیا ہے کہ اُس دورے میں لڑکیوں کی تعلیم، صحت، معاشی اور تجارتی تعلقات سمیت اہم معاملات پر تبادلۂ خیال ہوا تھا۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق خط میں برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے مزید بتایا ہے کہ برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے قیامِ پاکستان کی 75 ویں سالگرہ پر نیک خواہشات کا پیغام بھی دیا ہے۔

دفترِ خارجہ کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے وزیرِ اعظم شہبازشریف سے جلد ملاقات کی امید کا اظہار بھی کیا ہے۔

قومی خبریں سے مزید