چیف میٹرو لوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ 29 ،30 اپریل اور یکم مئی موجودہ ہیٹ ویو کے گرم ترین دن ہوسکتے ہیں، مئی میں کراچی ہیٹ ویو کی زد سے باہر رہے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا ہے کہ 1961 سے اب تک رواں سال کا مارچ پاکستان میں گرم ترین مہینہ رہا ہے جبکہ بین الاقوامی سطح پر رواں سال کا مارچ پانچواں گرم ترین مہینہ رہا۔
انہوں نے بتایا کہ اپریل میں بھی گرمی معمول سے زائد ہے، ملک کے کچھ حصوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری کو چھوسکتا ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کا کہنا تھا کہ ہیٹ ویو 2 مئی تک رہے گی، کمزور مغربی ڈسٹربنس شمال مشرقی بلوچستان پر اثر انداز ہوگی جہاں بارش ہوسکتی ہے۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، ہیٹ ویو کا باعث بننے والا ہائی پریشر ایریا بھارت کی جانب بڑھ جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کچھ دن گرمی میں کمی رہےگی، پھر7 یا 8 مئی سے ایک اور ہیٹ ویو آسکتی ہے، مئی کے وسط تک ہیٹ ویو رہے گی، ملک کے مشرقی حصے اس کی لپیٹ میں رہیں گے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے کہا کہ اندرون سندھ، جنوبی وسطی پنجاب ہیٹ ویو کی لپیٹ میں آئیں گے، جبکہ کراچی ہیٹ ویو کی زد سے باہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کراچی میں عام طور پر موسم گرم اور مرطوب رہ رہا ہے، کراچی میں 29 سے 30 اپریل کے دوران پارہ 40 کو چھوسکتا ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں عید کے دنوں میں درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے۔