• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صحافیوں کو ہراساں کئے جانے پر پی ایف یو جے کی شدید مذمت

صحافیوں کو ہراساں کئے جانے پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے شدید مذمت کی گئی ہے۔

صدر پی ایف یو جے شہزادہ ذوالفقار اور جنرل سیکرٹری ناصر زیدی نے اپنے بیان میں کہا کہ لاہور میں عمران خان کے خطاب کے دوران صحافیوں کو کھلے عام دھمکیاں دی گئیں۔

اُنہوں نے جیونیوز کے رپورٹر کو کوریج سے روکنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ورکرز نے جیونیوز کو خطاب کی جگہ پر مائیک رکھنے سے روک دیا۔

شہزادہ ذوالقفار اور ناصر زیدی نے کہا کہ یہ اقدام صحافی برادری کو عزت دینے کرنے کے عمران خان کے دعووں کی نفی ہے، یہ اقدام آزادی اظہار رائے سے متعلق بھی عمران خان کے دعووں کی نفی ہے۔

رہنماء پی ایف یو جے نے یہ بھی کہا کہ اس طرح کا رویہ صحافیوں کے خلاف نفرت پیدا کرے گا، اس رویے سے معاشرے پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی سوشل میڈیا برییگیڈ خاتون صحافیوں سے بدسلوکی اور کردارکشی میں ملوث ہے، یہ رویہ بہت مایوس کن ہے اور جمہوری اقدار کی دعویدار پارٹی کو زیب نہیں دیتا۔

پی ایف یو جے رہنماؤں نے سینئر صحافی ارشد شریف کو ہراساں کرنے والے آفیشیلز کی بھی مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ اس طرح کی ہراسگی کو فوری بند کیا جائے۔

اُنہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت ارشد شریف کو ہراساں کرنے والے آفیشیلز کے خلاف کارروائی کرے۔

پی ایف یو جے نے سیاسی جماعتوں پر جمہوری روایات اور شہریوں کے حقوق کا احترام کرنے پر زور دیا۔

قومی خبریں سے مزید