بھارت میں عید پارٹی پر بلائے گئے ایک شخص نے پونے دو لاکھ روپے کی مالیت کے زیورات نگل لیے۔
بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق چنئی کے ایک 32 سالہ شخص نے منگل 3 مئی کو ایک دوست کی عید پارٹی میں شرکت کی۔
رپورٹس کے مطابق پارٹی دینے والا شخص جیولر تھا جس نے اپنی سہیلی اور اُس کے بوائے فرینڈ عبداللّہ کو عید کے موقع پر دعوت دی تھی۔
دعوت ختم ہونے اور مہمانوں کے جانے کے بعد میزبان نے دیکھا کہ الماری سے ہیروں کا ہار، سونے کی چین اور ہیرے کا لاکٹ غائب تھا۔
مہمانوں سے پوچھ گچھ کے بعد، اسے شبہ ہوا کہ عبداللّہ نے زیورات چوری کیے ہیں اور اس نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی۔
بدھ 4 مئی کو جب عبداللّہ سے پوچھ گچھ کی گئی تو اس نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا وہ یہ زیورات نگل چکا ہے۔
پولیس نے اس کے پیٹ کو اسکین کرنے کے بعد تصدیق کی کہ زیورات ابھی تک وہاں موجود ہیں۔
ڈاکٹروں نے اسے انیما دیا اور جمعرات کو اس کے پاس سے 95000 روپے مالیت کا ہار اور 25000 روپے کا سونا برآمد ہوا۔